ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں خطرناک موسم کی وارننگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے شہر بھر میں 28 جون سے 27 جولائی تک دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق نلہ لئی اور دیگر آبی گزرگاہوں میں نہانے، تیرنے، پانی میں کھیل کود، اجتماعات اور غیر ضروری نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ نلہ لئی کے قریب غیر ضروری آمد و رفت پر سخت ممانعت کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے کہا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی لہٰذا شہری حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کریں اور خطرناک موسم کے دوران احتیاط برتیں۔انہوں نے تمام سرکاری دفاتر، عدالتوں اور عوامی مقامات پر نوٹیفکیشن کی تشہیر کا حکم بھی جاری کیا ہے تاکہ شہریوں کو بروقت آگاہی دی جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔