مجالس، جلوسوں کی ڈرون کوریج پر پابندی، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی، مریم نواز

مجالس، جلوسوں کی ڈرون کوریج پر پابندی، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی، مریم نواز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کی ڈرون کوریج پر مکمل پابندی ہے، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔امن و امان کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے غیر معمولی انتظامات کئے ہیں، سوشل میڈیا پر فرقہ واریت اور نفرت انگیزی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ مجالس اور جلوسوں کی ڈرون کوریج پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے اور خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی، ہم دشمن کے ہر حربے سے باخبر بھی ہیں اور متحد بھی۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے محرم الحرام کے آغاز اور نئے اسلامی سال 1447ھ کے موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی ہے کہ نیا ہجری سال پاکستان، عالم اسلام اور پوری دنیا کیلئے امن، سلامتی، ترقی اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے۔

اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دعا ہے نیا اسلامی سال امت مسلمہ کیلئے وحدت، اتحاد اور اخوت کا پیامبر ثابت ہو، اللہ تعالیٰ نئے ہجری سال 1447ھ کو پاکستان کیلئے ترقی، خوشحالی اور امن کا سال بنائے، نیا ہجری سال پوری انسانیت کیلئے سکون، خوشیاں اور برکتیں لے کر آئے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے، حضرت امام حسینؓ کا پیغام ہر دور کے مظلوم کو حوصلہ دیتا ہے اور ظالم کو للکارتا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ محرم الحرام کے مقدس مہینے میں اختلافات اور تفرقہ بازی سے گریز کیا جائے اور برداشت، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے۔

-- مزید آگے پہنچایے --