پارلیمانی وفد کے سربراہ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے امن کے حصول کی کوششوں میں پاکستان کا ساتھ دے۔واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا انحصار جامع مذاکرات پر ہے۔
انہوں نے پاکستان اوربھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار فریق کے طور پر کردار ادا کیا۔انہوں نے ملک کے خلاف جارحیت کے دفاع میں پاکستانی مسلح افواج کی بہادری کی تعریف کی اور عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو مؤثر طریقے سے پیش کرنے پر پاکستانی سفارتی مشنز کی کوششوں کو سراہا۔
بلاول بھٹو زرداری نے امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی اہمیت کو دونوں ملکوں کے درمیان ایک پل کے طور پر اجاگر کیا۔انہوں نے کمیونٹی ارکان پر زور دیا کہ وہ امن اور خوشحالی کے مشترکہ مقصد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔اس موقع پر موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی روابط کے وزیر مصدق ملک نے بھارت کے علاقائی عزائم کے خطرات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کا بیانیہ شواہد پر نہیں بلکہ شکوک و شبہات پر مبنی ہے۔