پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے معرکہ حق میں وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ دینے والے شہدا اور غازیوں کے اعزاز میں شاندار ملی نغمہ ریلیز کر دیا۔میں اپنا وعدہ نبھا رہا ہوں کے عنوان سے جاری ہونے والا یہ نغمہ اپنی دل سوز شاعری، ملی جذبے سے لبریز دھن اور سحر انگیز گلوکاری کے باعث ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر چھا گیا۔نغمے کے بول ہر اس فرد کی قربانی کا عکس پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کی حفاظت کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کیے، نغمہ ان بے مثال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے۔
نغمہ نہ صرف ملی و قومی جذبات کی ترجمانی کرتا ہے بلکہ تاریخ کی جھلک بھی پیش کرتا ہے، یہ 1965 کی اُس جنگی فضا کی یاد تازہ کرتا ہے جب پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی تھی اور دشمن کو منہ توڑ جواب دیا گیا تھا۔اس نغمے کے ذریعے بھارت کو بھی واضح پیغام دیا گیا ہے کہ بزدل رات کی تاریکی میں وار کیا کرتے ہیں جبکہ بہادر قومیں اور ان کی افواج میدانِ جنگ میں اعلان کر کے اترتی ہیں۔یاد رہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہدائے معرکہِ حق کو قوم کے ماتھے کا جھومر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہی قربانیوں کے نتیجے میں اللہ تعالیٰ نے اس سرزمینِ پاک کو فتح و کامرانی سے نوازا ہے۔