وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ پنجاب نے کم سن بچوں کی حفاظت کیلئے آگاہی مہم لانچ کر دی۔ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ ’گڈ ٹچ بیڈ ٹچ‘ آگاہی کیلئے خصوصی اینیمیشن سیریز کی پہلی قسط جاری کر دی ہے، مہم کم سن بچوں کے ساتھ جنسی بدسلوکی کے واقعات کی روک تھام کیلئے شروع کی گئی ہے۔ترجمان نے کہا کہ بچوں کو ذاتی حفاظت کے بارے میں آگاہی دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، درست تعلیم اور آگاہی کے بعد بچے نامناسب رویے کو پہچان کر رپورٹ کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ والدین اور اساتذہ بچوں کو بتائیں کہ گھر یا باہر جنسی استحصال کو کیسے رپورٹ کیا جائے، بچوں کو محفوظ بنانا اور استحصال کرنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لانا ریاست کی ذمے داری ہے، آگاہی مہم بچوں کو بدسلوکی اور جنسی استحصال سے محفوظ رکھنے میں معاون ہوگی۔سیکرٹری داخلہ نے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کو بچوں کیلئے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ محکمہ داخلہ نے اس سے قبل گڈ ٹچ بیڈ ٹچ بارے آگاہی کو نصاب میں شامل کرنے کیلئے محکمہ سکول ایجوکیشن کو مراسلہ لکھا ہے۔