صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزراء، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان نے آرمی چیف سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر مبارکباد دی ہے۔
صدر اور وزیراعظم نے آج (منگل) اپنے الگ الگ بیانات میں دشمن کو ایک فیصلہ کن جواب دینے اور اس کے گھناونے ارادے ناکام بنانے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعریف کی ہے۔
صدر نے کہا کہ پوری قوم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جنہوں نے قومی سلامتی کو یقینی بنایا، ملک کی خودمختاری کا تحفظ کیا اور دہشت گردی کا مقابلہ کیا۔
انہوں نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو بھی مدت ملازمت میں توسیع پر مبارکباد دی جو اس بات کا اعتراف ہے کہ ایئر چیف کی کامیاب جنگی حکمت عملی کے نتیجے میں دشمن کو ایسا جواب دیا گیا جو اسے ہمیشہ یاد رہے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے بیان میں یہ بات زور دے کر کہی کہ بری فوج کے سربراہ نے معرکہ حق بالخصوص آپریشن بنیان مرصوص میں بے مثال قائدانہ صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرکے دشمن کے گھناونے ارادے خاک میں ملا دیئے۔
شہبازشریف نے آرمی چیف سے لے کر ہر سپاہی تک تمام فوجیوں کے غیر متزلزل عزم و ارادے کی تعریف کی جنہوں نے معرکہ حق میں نہایت جوانمردی سے دشمن کی جارحیت کے خلاف قومی سرحدوں کا دفاع کیا۔