ڈوپنگ زدہ حافظ عمران بٹ کی قیادت میں قائم پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی رکنیت معطل

ڈوپنگ زدہ حافظ عمران بٹ کی قیادت میں قائم پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی رکنیت معطل

انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن نے پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کو باضابطہ طور پر معطل کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ ایک طویل تحقیقات اور مسلسل خلاف ورزیوں کے بعد سامنے آیا، جس کے مطابق پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے سابق سربراہ حافظ عمران بٹ اور دیگر اعلیٰ عہدیداران کو ڈوپنگ، بدعنوانی اور بین الاقوامی اصولوں کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث پایا گیا۔

انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن، جو پہلے ہی پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ذریعے 31 اگست 2022 کو معطل کی جا چکی تھی، اب انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے آئین کے تحت رکنیت کی شرائط پر پورا اترنے میں ناکام رہی ہے۔ اس معطلی کے تحت پاکستان کی فیڈریشن نہ تو انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے تحت آئندہ کسی انتخاب میں حصہ لے سکے گی، نہ کوئی امیدوار کھڑا کر سکے گی اور نہ ہی کسی بین الاقوامی مقابلے میں اپنے کھلاڑیوں کو بھیج سکے گی، جب تک کہ وہ بھاری جرمانہ ادا نہ کرے اور معطلی کی مدت پوری نہ کرے، جس میں توسیع بھی ممکن ہے۔

ذرائع کے مطابق، پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن پر انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے آزاد ممبر فیڈریشن سینکشننگ پینل نے کارروائی کرتے ہوئے سخت مؤقف اختیار کیا۔ رپورٹ کے مطابق، پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے ویٹ لفٹرز اور عہدیداروں نے صرف ایک سال کے اندر 8 اینٹی ڈوپنگ خلاف ورزیاں کیں، جن میں نومبر 2021 کو متعدد کیسز شامل ہیں۔ اس پر 5,000 امریکی ڈالر جرمانے کے ساتھ ساتھ دیگر فیسیں بھی عائد کی گئیں جن کی ادائیگی سے انکار کیا گیا۔

2 اگست 2024 کو پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے سابق سیکرٹری جنرل امجد امین، ان کے تین بیٹے، شرجیل بٹ اور ان کے کوچ کو بھی 4 سال کے لیے معطل کیا گیا۔ ان پر بھی ممنوعہ ادویات کے استعمال اور دیگر خلاف ورزیوں کے الزامات تھے۔ علاوہ ازیں، حافظ عمران بٹ اور ان کے بیٹے پر ممنوعہ اشیاء رکھنے اور ان کے انتظام کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے جس کی تحقیقات انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کر رہی ہے۔

انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے قوانین کے مطابق، ان خلاف ورزیوں پر فیڈریشن پر چار سالہ معطلی اور 5 لاکھ امریکی ڈالر کے جرمانے کا اطلاق ہوتا ہے۔

عبوری کمیٹی نے اس تشویشناک صورتحال پر گہری مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ صاف، شفاف اور ڈوپنگ سے پاک ویٹ لفٹنگ کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، اور نوجوان کھلاڑیوں کے حقوق کی حفاظت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

-- مزید آگے پہنچایے --