وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کے روز سیالکوٹ میں پسرور کنٹونمنٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص میں غیر معمولی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والے فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ‘ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف‘ وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی ان کے ہمراہ تھے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد سدھو بھی اس موقع پر موجود تھے۔دورے کے دوران وزیراعظم کو جنگ کے طریقہ کار اور موجودہ جنگی تیاریوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔
معرکہ حق میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ قوم کے غیر متزلزل عزم کی طاقت سے لیس بہادر مسلح افواج نے دلیرانہ انداز میں مادر وطن کا دفاع کیا اور دشمن کی بزدلانہ جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ تاریخ میں ہمیشہ کے لئے محفوظ ہوگیا ہے کہ کس طرح چند گھنٹوں کے اندر پاکستان کے محافظوں نے بھارت کی بلااشتعال جارحیت کا بے مثال عزم و ہمت سے جواب دیا۔وزیراعظم نے ایک بار پھر کہا کہ پاکستان کو اپنے بہادر سپوتوں پر بے انتہا فخرہے ان کا کہنا تھا کہ وہ قوم کے سر کا تاج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کے خلاف بھارت کی کھلی جارحیت جس کے نتیجے میں بچوں‘ خواتین اور بزرگوں کی شہادت ہوئی جنہیں اس نے دہشت گرد قرا ر دیا ‘ انتہائی شرمناک ہے اور تمام بین الاقوامی اصولوں اور اخلاقیات کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کے باوجود بھارت نے دانستہ طور پر اس راستے سے گریز کیا گویا کہ انہیں کچھ بھی ثابت کرنے کی ضرورت نہیں اور ایک جھوٹے الزام کی بنیاد پر انتہائی غرور اور تکبر میں پاکستان پر حملہ کردیا جس کا اسے منہ توڑ جواب دیا گیا۔اگلے مورچوں پر موجود افسروں اور بہادر جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے ان کے بلند حوصلے‘ غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔