کوہستان میں مالی اسکینڈل سے متعلق انٹرنل انکوائری 3 دن میں مکمل کرنے کی ہدایت

کوہستان میں مالی اسکینڈل سے متعلق انٹرنل انکوائری 3 دن میں مکمل کرنے کی ہدایت

خیبرپختونخوا اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے کوہستان میں مالی اسکینڈل سے متعلق انٹرنل انکوائری 3 دن میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس اسپیکر کے پی اسمبلی بابرسلیم سواتی کی زیرصدارت ہوا جس میں متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کوہستان میں مالی اسکینڈل سے متعلق انٹرنل انکوائری 3 دن میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ خزانہ، سی اینڈ ڈبلیو اور اکائونٹنٹ جنرل آفس کو اگلے اجلاس میں رپورٹ پیش کرنے کا کہا گیا ہے۔

اس موقع پر بابر سلیم سواتی نے کہاکہ اسکینڈل 36 ارب کا نہیں 200 ارب روپے کا لگ رہا ہے، تمام متعلقہ محکمے برابر کے ذمہ دار ہیں، ہر ایک بدعوانی میں اپنے حصے کے لیے لڑ رہا ہے، جولوگ اس میں ملوث ہیں ان تمام کومعطل کریں ورنہ لوگ ہم پر ہنسیں گے۔انہوں نے مزید کہا عوام کو پتہ چلنا چاہیے کہ ہمارے ادارے کتنی بدعنوانی کررہے ہیں، یہ سلسلہ بند کریں گے اور تمام ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرےمیں لایا جائےگا۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن اراکین کا کہنا تھا کہ جعلی کنسٹرکشن کمپنی اور ہزار سے زائد چیک نکال کر سرکاری محکموں نے خورد برد کیے، اس بدعنوانی میں مقامی نہیں دیگر لوگ بھی ملوث پائے گئے، رقوم کی نہیں پس منظر پر بھی نظر رکھناہوگی، ترقیاتی بجٹ کے بغیر کوہستان میں اربوں روپے نکالے گئے۔

-- مزید آگے پہنچایے --