فرانس،اوور سیز پاکستانیوں اور کشمیریوں نے بھارتی جارحیت کیخلاف ایفل ٹاور پیرس کے سامنے تاریخی مظاہرہ کیا جس میں پیپلز پارٹی ، تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن سمیت آزاد کشمیر و پاکستان کی دیگر سیاسی جماعتوں کے سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے سیاسی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوے پاکستان کے ساتھ محبت کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر بھارتی جارحیت مردہ باد ، پاکستان زندہ باد۔ پاک فوج قدم بڑھاؤ، اوور سیز پاکستانی و کشمیری تمہارے ساتھ ہیں۔ جدو جہد جدوجہد ، کشمیر کی آزادی تک جدوجہد۔ دل دل پاکستان، جان جان پاکستان اور پاکستان میری جان کے فلک شگاف نعروں سے ایفل ٹاور کے درو دیوار گونجتے رہے ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ نے مقبوضہ کشمیر کے علاقہ پہلگام میں دہشت گردی کے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ عالمی سطح پر اس سانحہ کی تحقیقات کرائی جائیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ بھارتی میڈیا جنگی جنون میں صحافتی آداب بھی بھول گیا ہے اور کسی ثبوت کے بغیر پاکستان کو پہلگام سانحہ کا ذمہ دار قرار دے رہا ہے۔ افضل بٹ نے مودی سرکار کو مخاطب کرتے ہوے کہا کہ ہم پرامن قوم اور جنگ کے مخالف ہیں لیکن پھر بھی ہندوستان نے جنگی جنون کا مظاہرہ کرتے ہوے پاکستان پر حملے کی حماقت کی تو وطن عزیز کے دفاع اور پاک سرزمین کے چپے چپے کی حفاظت کیلئے کشمیری و پاکستانی قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی ۔ اس موقع پر ممتاز کشمیری راہنما زاھد ھاشمی صدر انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم فرانس ، راجہ طاہر محمود ، میاں ذولفقار جتالہ صفدر ھاشمی ، ملک عابد ، حاجی اظہر ، ایم کے پرویز چوھدری ، چوھدری تنویر علی ، محمد اویس ھاشمی ، رانا عباس سردار ظہور احمد اور دیگر نے پاک وطن کی حفاظت کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کے عزم کا اظہار کیا۔