وزیراعظم کا موجودہ صورتحال میں چین کی مسلسل حمایت پر اظہارتشکر

وزیراعظم کا موجودہ صورتحال میں چین کی مسلسل حمایت پر اظہارتشکر

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال میں پاکستا ن کی مسلسل بھرپور حمایت کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا ہے ۔انہوں نے یہ بات چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ سے آج اسلام آباد میں ملاقات میں کہی۔وزیراعظم نے چینی صدر شی چن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی اور نائب وزیراعظم اسحق ڈار کے درمیان ٹیلی فون پر حالیہ گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے شہبازشریف نے گزشتہ ماہ کی بائیس تاریخ سے بھارتی اقدامات پر پاکستان کے اصولی موقف کا ادراک کرنے پر چین کا شکریہ اداکیا ۔

وزیراعظم نے پہلگام واقعے کی قابل اعتماد ، غیرجانبدارانہ اور شفاف عالمی تحقیقات کرانے کی پاکستان کی مخلصانہ پیشکش کی تائید کرنے پر بھی چین کا شکریہ اداکیا ۔شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کے تمام مظاہر کی مذمت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے اشتعال انگیز اقدامات پاکستان کی توجہ افغانستان کے اندر سے کام کرنے والی تنظیموں ISKP ، TTP اور BLA کے خلاف جاری انسداد دہشت گردی کی کوششوں سے ہٹا سکتے ہیں ۔

وزیراعظم نے کہاکہ بھارت کا پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کا فیصلہ انتہائی افسوسناک اورقابل مذمت ہے کیونکہ سندھ طاس معاہدے کے تحت کسی بھی فریق کو معاہدے کویکطرفہ طورپرمسترد کرنے یا اس سے دستبرداری کی اجازت نہیں ہے ۔انہوں نے تنازعہ جموں وکشمیر کے پرامن حل کی ضرورت پر بھی زوردیا اور کہاکہ جنوبی ایشیا میں دائمی امن یقینی بنانے کا یہ واحد راستہ ہے ۔چین کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک جنوبی ایشیاء میں امن واستحکام کے مشترکہ مقصد کے حصول کیلئے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دے گا۔

-- مزید آگے پہنچایے --