وزیراعظم محمدشہباز شریف نے ہنگری کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا ہے۔وہ ہنگری کے وزیر خارجہ Péter Szijjلrtَ سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔اس سے پہلے وزیراعظم کودونوں ملکوں کے درمیان وزرائے خارجہ کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔انہوں نے پاکستان اور ہنگری کے درمیان ثقافت، آثارقدیمہ اور ثقافتی ورثہ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والوں کے لئے ویزہ کی پابندی ختم کرنے کے بارے میں
مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے وزیر خارجہ کے ہمراہ دورے پر آنے والے ہنگری کے کاروباری وفد کا خیرمقدم کیا جنہوں نے اسلام آباد میں پاکستان ہنگری بزنس فورم میں بھی شرکت کی۔وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جبکہ موجودہ عالمی منظر نامے میں چیلنجز پر قابو پانے کیلئے تعاون اور بات چیت کی اہمیت پر زور دیا گیا۔