حکومت نوجوانوں کو اعانتی قرضے فراہم کرے گی :وزیراعظم

حکومت نوجوانوں کو اعانتی قرضے فراہم کرے گی :وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے صوبوں کی مشاورت سے ایک منصوبہ وضع کیا ہے جس کے تحت دیہی علاقوں میں چھوٹی صنعتوں کے فروغ کیلئے نوجوانوں کو اعانتی قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے چین میں ایک ہزار زرعی گریجویٹس کی استعداد کار بڑھانے سے متعلق آج (بدھ) اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ اس اقدام سے ہماری برآمدات بڑھیں گی۔شہبازشریف نے زرعی شعبے کی ترقی کے لئے زرعی تحقیقی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت پربھی زور دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان گریجویٹس کو چین میں جدید زرعی تربیت فراہم کی جائے گی اور وہ وطن واپسی پر اضافی پیداوار، ہائبرڈ بیج اور موسمیاتی تبدیلی کے مسائل پر قابو پاتے ہوئے معیشت کی بہتری میں کردار ادا کریں گے۔ شہبازشریف نے چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے پاکستانی زرعی گریجویٹس کیلئے اس تربیتی پروگرام کے لئے تعاون فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ تین سو زرعی گریجویٹس کے پہلے Batchکا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاروںصوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے گریجویٹس کو اس تربیتی پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔ قومی تحفظ خوراک کے وزیر رانا تنویر حسین نے اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے زرعی شعبے کی ترقی کو ترجیح دی ہے۔ پاکستان میں چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے کہا کہ ان کا ملک سی پیک کے نئے ورژن کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کے لئے تیار ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --