پاکستان اور چین نے میری ٹائم ڈومین میں دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔یہ بات بیجنگ میں ہونے والے میری ٹائم تعاون پر پاک چین مذاکرات کے پانچویں دور میں ہوئی۔اس مکالمے کی مشترکہ صدارت وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (ایشیا پیسفک) عمران احمد صدیقی اور عوامی جمہوریہ چین کی وزارت خارجہ کے سرحدی اور سمندری امور کے شعبہ کے ڈائریکٹر جنرل ہانگ لیانگ نے کی۔
دونوں اطراف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اعلیٰ سطحی بحری تعاون پاکستان اور چین کے درمیان ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کا ایک اہم جزو ہے۔دونوں فریقوں نے مشترکہ مستقبل کے ساتھ پاک چین میری ٹائم کمیونٹی کی مشترکہ تعمیر کے عزم کا اظہار کیا۔ مزید برآں، انہوں نے بحری امور پر جاری رابطے کو برقرار رکھنے، بحری پالیسیوں پر ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔