نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ ایک مضبوط، وسیع البنیاد اور کثیرالجہتی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات برطانوی پارلیمانی انڈر سیکرٹری آف اسٹیٹ لارڈ واجد خان سے ملاقات کے دوران کہی۔
ملاقات میں اسحاق ڈار نے برطانوی پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا جو دونوں ممالک کے درمیان خیر سگالی کے فروغ میں معاون ہے۔ لارڈ واجد خان نے حکومت پاکستان کی اقتصادی اصلاحات کو سراہتے ہوئے ان کے معیشت پر مثبت اثرات کو تسلیم کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دریں اثنا ہنگری کے سفیر بیلا فازیکاس نے بھی نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور ہنگری کے وزیر خارجہ و تجارت پیٹر سییارتو کے متوقع دورۂ پاکستان کا خیرمقدم کیا۔دونوں ملاقاتوں میں باہمی تعاون کے فروغ اور اقتصادی شراکت داری کو وسعت دینے پر زور دیا گیا۔