نیوزی لینڈ نے پانچویں ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-4 سے اپنے نام کرلی۔ویلنگٹن میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنزبنائے، نصف سنچری بنانے والے کپتان سلمان علی آغا اور 28 رنز بنانے والے شاداب خان کے علاوہ کوئی قابل ذکر کھیل پیش نہ کرسکا جبکہ 8 بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
حسن صفر، محمد حارث 11، عمیر یوسف اور عثمان خان 7،7 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ عبدالصمد بھی 4 رنز ہی بناسکے۔شاداب خان 28، جہانداد خان ایک، حارث رؤف 6 جبکہ سفیان مقیم اور محمد علی کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمز نیشم نے 5، جیکب ڈی 2 جبکہ بین سیئرز اور اش سوڈھی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ٹیم سیفرٹ نے 10 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 38 گیندوں پر 97 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے 128 رنز کا ہدف 10 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، پاکستان کی جانب سے دونوں وکٹیں سفیان مقیم نے حاصل کیں۔آخری میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی تھیں، شاہین شاہ آفریدی، خوشدل شاہ اور ابرار احمد کو ڈراپ کرکے عمیر بن یوسف، سفیان مقیم اور عثمان خان کو موقع دیا گیا تھا۔