نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی پاکستان کو شکست دیدی

نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی پاکستان کو شکست دیدی

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔ڈونیڈن میں بارش سے متاثرہ میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو ایک بار پھر آغاز اچھا نہ رہا۔حسن نواز صفر اور محمد حارث 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ عرفان نیازی 11 اور خوشدل شاہ 2 رنز ہی بناسکے۔

سلمان علی آغا نے 46 اور شاداب خان نے 26 رنز بناکر پاکستان کا اسکور بہتر کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے بھی آخر میں 22 رنز اسکور کیے۔یوں پاکستان نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی، جیمز نیشام، اِش سوڈھی اور بین سیئرز نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ہدف کے تعاقب میں کیوی اوپنرز نے انتہائی جارحانہ آغاز کیا اور محض 4 اوورز میں ہی ٹیم کا اسکور 50 تھا، تاہم 66 رنز کے مجموعے پر 22 گیندوں پر 45 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلنے والے ٹم سیفرٹ کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

نیوزی لینڈ کے دوسرے جارح مزاج اوپنر فن ایلن نے بھی 16 گیندوں پر 38 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جس کے بعد جہانداد خان نے انہیں پویلین بھیجا۔دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد کیوی بلے بازوں کے رنز بنانے کی اوسط میں کمی آئی لیکن عمدہ آغاز فراہم ہونے کی وجہ سے انہیں زیادہ مشکل پیش نہ آئی اور نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف 14ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔

نیوزی لینڈ کے کے بلے بازوں نے مجموعی طور پر پاکستانی باؤلرز کو 11 چھکے لگائے۔ جن میں صرف شاہین شاہ آفریدی کو ایک اوور میں 4 چھکے لگے۔

پاکستان کی طرف سے حارث رؤف نے بہتر باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین اوور میں 20 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں، جگہ محمد علی، جہانداد خان اور خوشدل شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔کیویز کو پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --