بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے وزیرچودھری سالک حسین نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے خصوصی بنچ کے قیام کو مثبت پیشرفت قرار دیا ہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ اس اقدام سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش انکی املاک سے متعلق مسائل کے حل میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے املاک سے متعلق دیرینہ تنازعات کو تیزی سے حل کرنے اور انہیں ایک عدالتی مرکز کی فراہمی میں مدد ملے گی۔چودھری سالک حسین نے کہا کہ اس خصوصی عدالت میں دائر کئے گئے مقدمے نوے دن کے اندر نمٹائے جائیں گے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے فوری اور معیاری عدالتی عمل یقینی بنایا جاسکے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایک اہم پیشرفت کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے ایک خصوصی بنچ قائم کیا ہے تاکہ انہیں ان کی جائیدادوں سے متعلق مسائل پر قانونی معاونت فراہم کی جاسکے۔