محکمہ داخلہ پنجاب نے نادرا کو تمام اسلحہ لائسنسز کی آن لائن تصدیق کیلئے کیو آر کوڈ جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق سیکرٹری داخلہ نورالامین مینگل کی زیرِ صدارت اسلحہ لائسنس کی تصدیق کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ (جوڈیشل) عمران حسین رانجھا اور نادرا حکام شریک ہوئے، سیکرٹری داخلہ پنجاب نے اسلحہ لائسنس کے حوالے سے نادرا حکام کیساتھ اجلاس میں اہم فیصلے کئے۔دوران اجلاس سیکرٹری داخلہ نے اسلحہ لائسنسز کیساتھ کیو آر کوڈ لگانے کیلئے نادرا کو ایک ہفتے کا وقت دیدیا، نادرا کو تمام اسلحہ لائسنسز متعلقہ شخص کے شناختی کارڈ سے لنک کرنے کی بھی ہدایت کی گئی، پنجاب بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی اسلحہ لائسنس سے متعلقہ تمام آرڈرز پر کیو آر کوڈ دینے کی ہدایت جاری کی گئی۔
اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل کا کہنا تھا اسلحہ لائسنسز کے تصدیقی عمل میں شفافیت سے جعلی لائسنسز کا خاتمہ ہو گا، سنگین جرائم میں ملوث افراد اسلحہ لائسنس کیلئے نااہل ہیں، آرمز رولز میں ترامیم کر کے شہریوں کیلئے سہولت پیدا کر رہے ہیں، انفرادی اسلحہ لائسنس اور بزنس آرمز لائسنس رولز کو عام فہم بنا رہے ہیں۔نورالامین مینگل کا مزید کہنا تھا کہ اسلحہ لائسنس کی تصدیق کیلئے ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ کا کردار بڑھا رہے ہیں، اسلحہ لائسنس کے حصول اور تجدید کیلئے فیسوں کا شیڈول تبدیل کرنے کی سفارش کی ہے، مینوئل لائسنس کی کمپیوٹرائزیشن کے تمام مراحل کی نگرانی کی جا رہی ہے، کیو آر کوڈ کی مدد سے قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر اسلحہ لائسنس کی تصدیق کر سکیں گے۔