وزیر اعظم کا چینی کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی پر زور

وزیر اعظم کا چینی کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی پر زور

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران عام آدمی کو اشیائے خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔وہ آج لاہور میں ملک میں چینی کی سپلائی اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو اشیائے خوردونوش کی مناسب نرخوں پر فراہمی کے لیے حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے چینی کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند مہینوں کے دوران چینی کی اسمگلنگ کے خلاف حکومت کے کریک ڈاؤن نے کامیابی سے اس کا مقابلہ کرنے میں مدد کی۔شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو سستے نرخوں پر چینی اور دیگر اشیائے خوردونوش کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اجلاس کو چینی کی پیداوار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں چینی کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سستے نرخوں پر چینی کی فروخت کے لیے صوبائی سطح پر فیئر پرائس شاپس قائم کر دی گئی ہیں۔

صوبائی چیف سیکرٹریز نے اجلاس کو یقین دلایا کہ چینی کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ضلعی انتظامیہ اس سلسلے میں چوکسی سے کام کرے گی۔

-- مزید آگے پہنچایے --