14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس

14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال اور بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) کے وزیر رانا ثناء اللہ نے پاکستان میں منعقد ہونے والے 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ اجلاس میں بین الصوبائی رابطہ کے سیکرٹری ظہور احمد، حکومت پنجاب کے سیکرٹری، صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران سیکرٹری آئی پی سی ظہور احمد نے 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ 14ویں ساوتھ ایشئین گیمز کا انعقاد پاکستان میں 23 جنوری تا 31 جنوری 2026 کو کیا جا رہا ہے جو پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اس بار ہونے والے گیمز کے لیے والی بال، ریسلنگ، ویٹ لفٹنگ، تائیکوانڈو، ایتھلیٹکس، ہاکی اور دیگر کھیلوں کے تربیتی کیمپوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ مزید برآں، والی بال اور تائیکوانڈو سمیت دیگر کھیلوں کے لیے غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں آگاہ کیا گیا کہ گیمز کے مختلف مقابلے لاہور، فیصل آباد، نارووال اور اسلام آباد میں منعقد کیے جائیں گے، جب کہ ایس اے جی کے لیے مخصوص سیکریٹریٹ کی تیاری بھی جاری ہے، جسے جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔


وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2026 کو ہونے والی ساوتھ ایشئین گیمز کی میزبانی کا شرف پاکستان کو 2004 کے بعد اب حاصل ہو رہا ہے جو ہمارے لیے باعث فخر ہے ، ان کھیلوں کے ذریعے پاکستان کا مقصد دنیا کو اپنا سافٹ امیج دکھانا ہے تاکہ یہ ثابت کیا جا سکے کہ ملک کھیلوں اور دیگر بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد کے لیے ایک محفوظ اور پرامن مقام ہے اور یہاں میگا ایونٹس کے انعقاد کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ زیادہ تر گیمز پنجاب میں منعقد کی جا رہی ہیں، اس لیے ان کی اونرشپ بھی پنجاب کو دی جائے۔

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ سیکرٹری آئی پی سی کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو یہ طے کرے گی کہ کون سی گیمز کس صوبے میں اور کس مقام پر کھیلی جائیں گی۔ یہ کمیٹی چاروں شہروں کے وینیوز کا دورہ کرے گی اور اپنی سفارشات اگلے اجلاس میں پیش کرے گی تاکہ یہ جائزہ لیا جا سکے کہ کون سے شہر میں کیا سہولیات میسر ہیں اور مزید کن انفراسٹرکچر یا سہولیات کی ضرورت ہو سکتی ہے۔

سیکرٹری اسپورٹس پنجاب نے اجلاس کو یقین دلایا کہ پنجاب، بالخصوص لاہور، میں ہونے والے ایونٹس کے انعقاد کے لیے حکومت پنجاب ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

اجلاس میں لاجسٹکس، سیکیورٹی، مقام کے انتخاب، کھلاڑیوں کی تربیت، اور غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کرنے سے متعلق امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات دی گئیں کہ گیمز کی کامیاب میزبانی کے لیے تمام ضروری اقدامات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے

-- مزید آگے پہنچایے --