سال 2025 کے پہلے ماہ میں بیرون ملک مقیم (اوورسیز) پاکستانیوں نے 3 ارب ڈالر ملک بھیجے ہیں۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق جنوری 2025 میں ورکرز ترسیلات 3 ارب ڈالر رہیں۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہےکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے جنوری 2024 کے مقابلے میں جنوری 2025 میں 25 فیصد زیادہ رقوم بھیجی ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے سات مہینوں کی ورکرز ترسیلات 20.8 ارب ڈالر رہیں۔اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے سات مہینوں کی ورکرز ترسیلات مالی سال 2024 کے سات مہینوں سے 31.7 فیصد زائد رہیں، مالی سال 2420 کے ابتدائی سات مہینوں میں 15.8 ارب ڈالر کی ترسیلات پاکستان بھیجی گئی تھیں۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق جنوری 2025 میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 72.83 کروڑ ڈالر بھیجے ہیں، متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے جنوری 2025 میں 62.17 کروڑ ڈالر بھیجے ہیں، برطانیہ سے 44.36 کروڑ اور امریکا سے 29.85 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجےگئے ہیں۔خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے دسمبر 2024 میں بیرون ملک پاکستانیوں سے اپیل کی تھی کہ وہ احتجاجاً ترسیلات زر ملک میں نہ بھیجیں۔