عالمی فٹبال فیڈریشن (فیفا) نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی جانب سے تجویز کردہ آئینی ترامیم کو مسترد کرتے ہوئے پی ایف ایف کو فوری طور پر معطل کر دیا۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق فیفا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ایف ایف کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے کیونکہ وہ اپنے آئین پر نظر ثانی کرنے میں ناکام رہا ہے جس سے حقیقی معنوں میں منصفانہ اور جمہوری انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے گا اور اس طرح پی ایف ایف کو معمول پر لانے کے جاری عمل کے حصے کے طور پر فیفا کی ذمہ داریوں کو پورا کیا جا سکے گا۔فیفا نے کہا ہے کہ یہ معطلی صرف اسی صورت اٹھائی جائے گی جب پی ایف ایف کی کانگریس فیفا اور اے ایف سی کی جانب سے تجویز کردہ آئین کی منظوری دے گی۔اس سے قبل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فیفا کی جانب سے مقرر کردہ پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے کہا تھا کہ پاکستان کو معطلی کا خطرہ ہے۔