شاہد آفتاب نے عالمی اسنوکر چیمپئن محمد آصف کو سیمی فائنل میں شکست دے کر این بی پی 49ویں نیشنل اسنوکر چمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنالی جہاں ان کا مقابلہ نیشنل بینک کے محمد سجاد سے ہوگا جنہو ں نے سیمی فائنل میں ایشین سکس ریڈ اسنوکر چیمپئن اور ایونٹ کے نمبر دو سیڈ اویس منیر کو شکست دے کر ٹائٹل میچ کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔ ٹورنامنٹ ڈائرکٹر نوید کپاڈیا کے مطابق نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس کے اسنوکر ایرینا میں جاری 49ویں این بی پی نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ میں جمعہ کو چیمپئن شپ کے دونوں سیمی فائنلز کھیلے گئے۔پہلے سیمی فائنل میں نیشنل بینک کے محمد سجاد اور پنجاب کے وایس منیر کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھنے میں آیا جس میں محمد سجاد نے 6-5سے فتح حاصل کی اور فائنل میں جگہ بنائی۔ان کی جیت کا فریم اسکور ان کے حق میں 69-45،21-107،65-57،76-30،52-59،0-85،55-65،88-0،22-63،61-46اور78-35رہا۔محمد سجاد نے چوتھے فریم میں 75اور آٹھویں فریم میں 70کا بریک بھی کھیلا۔دوسرے سیمی فائنل میں پنجاب کے شاہد آفتاب نے عالمی چیمپین پنجاب کے محمد آصف کو 6-3سے زیر کر کے فائنل میں رسائی حاصل کی۔انہوں نے پہلے تین فریم ہارنے کے بعد عالمی اسنوکر چیمپئن کے خلاف مسلسل چھ فریمز جیت کر سب کو حیران کر دیا،ان کی جیت کا فریم اسکور ان کے حق میں 61-68،51-72،23-102،71-52،72-51،69-55،76-13،64-50اور84-57رہا۔بیسٹ آف 13فریمز پر مشتمل فائنل کل کھیلا جائے گا۔