گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے مابین کاروباری وفود کے تبادلوں سے تعلقات کو وسعت ملے گی۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئی چی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں معیشت، زراعت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ جاپان کو ہر سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لئے خوش آمدید کہتے ہیں، صدر پاکستان آصف علی زرداری کے ویژن کے مطابق پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے کر جائیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں زرخیز زمین اور آب و ہوا کی وجہ سے یہاں کے پھلوں اور سبزیوں کا ذائقہ پوری دنیا میں مشہور ہے، صوبہ پنجاب میں زراعت کے شعبے میں جاپان کی مہارتوں سے استفادہ کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔گورنر پنجاب کا کہنا تھا پاکستان میں جاپانی گاڑیاں بہت پسند کی جاتی ہیں، جاپانی کمپنیاں آٹو موبائل سیکٹر سمیت پاکستان میں مختلف شعبوں میں اقتصادی مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں،سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے مابین کاروباری اور ثقافتی وفود کے تبادلوں سے دو طرفہ تعلقات کو مذید وسعت ملے گی، ٹیکسلا میوزیم میں نوادرات کے تحفظ کے لئے جاپانی حکومت کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
گورنر پنجاب نے جاپانی کمپنیوں میں کام کرنے والے انجینئرز کے مسائل کے حل اور پاکستان میں رہنے والے جاپانی لوگوں کی سکیورٹی کے حوالے سے گورنر ہاؤس کی طرف سے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔اس موقع پر جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئی چی نے کہا ہے کہ ٹیکسلا آثار قدیمہ دیکھ کر خوشی ہوئی، پاکستان میں تقریباً 80 کمپنیاں کام کر رہی ہیں، پاکستان اور جاپان کے درمیان عوامی سطح پر رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت ہے، جاپان پاکستان کے ساتھ ثقافت اور تجارت سمیت دیگر شعبوں میں وسعت دینے میں پرعزم ہے۔