پاکستان کے جوہری پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، وزیراعظم

پاکستان کے جوہری پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی پابندیاں بلاجواز ہیں، پاکستان کے جوہری پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاعی نظام جارحیت کیلئے نہیں، دفاع کیلئے ہے، پاکستان اپنے دفاع کیلئے مضبوط اقدامات کرتا رہے گا، نیشنل ڈیفنس کمپلیکس اور دیگر اداروں پر پابندی کا کوئی جواز نہیں، پاکستان کیخلاف مذموم سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ نے مربوط جواب دیا ہے لیکن ایک بات طے ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام پاکستان کے 24 کروڑ عوام کا ہے، جو انہیں اپنے دلوں سے زیادہ عزیز ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پوری قوم اس پروگرام پر یکسو ہے اور پوری طرح متحد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپیکر کی تجویز پر میں نے مشاورت سے کمیٹی بنائی اور کل ہماری پی ٹی آئی سے پہلی ملاقات بھی ہوگئی ہے، یقین ہے دونوں مذاکراتی کمیٹیاں ایسا حل نکالیں گی جو پاکستان کے بہتر مفاد میں ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ مذاکرات کا مقصد یہی ہے کہ ذاتی مفادات کو قومی مفادات کے تابع کریں، قومی مفاد کو سامنے رکھ کر گفتگو ہوگی تو یکجہتی کو فروغ ملے گا، کسی کی نیت پر شک نہیں، امید ہے دونوں پارٹیاں ملکی مفاد میں بہترین فیصلے کریں گی۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ چند ماہ میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، پاک فوج کے جوان وطن کے دفاع کیلئے جانیں دے رہے ہیں، دہشتگردی کا خاتمہ کئے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --