صرف لاہور نہیں ،  پورے پنجاب میں ترقیاتی منصوبے ہونے چاہئیں، گورنر پنجاب

صرف لاہور نہیں ، پورے پنجاب میں ترقیاتی منصوبے ہونے چاہئیں، گورنر پنجاب

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدا گواہ ہے پنجاب میں کوئی ایسا اسپتال نہیں جہاں پر غریب آدمی کا فری علاج ہو سکے جبکہ سندھ کے تمام اسپتالوں میں غریب مریضوں کا بڑے سے بڑا علاج فری ہوتا ہے۔اٹک میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے پورے پنجاب میں ہونے چاہئیں، صرف لاہور پنجاب نہیں ہے اٹک، چکوال، جہلم، راجن پور اور ڈی جی خان بھی پنجاب ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام ہر چیز پر ٹیکس دے رہی ہے اس کے باوجود پنجاب کے حکمران کے عوام کو ریلیف دینے کے بلند و بانگ دعوے فریب ہیں

گورنر پنجاب نے کہا کہ کسی بھی حکومت کا سب سے بڑا فرض صحت اور تعلیم کی مفت سہولت فراہم کرنا ہے، صرف لاہور کو پنجاب نہیں کہا جا سکتا اٹک ،چکوال اور باقی اضلاع بھی پنجاب کا حصہ ہیں، باقی اضلاع کو اہمیت دینا ہو گی ورنہ حکومت نہیں چلے گی۔سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ اگر وہ خاموش رہیں تو پنجاب میں کوئی اپوزیشن نہیں ہے، عوامی نمائندوں سے سوال کیا جائے کہ اسپتالوں میں ڈاکٹر کیوں نہیں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کو وزیر اعظم بنائیں گے، اس موقع پر اٹک کی مختلف یونین کونسلز سے مختلف برادریوں نے پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --