پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ پر ریکارڈ بناتے ایک اور کاروباری دن کا مثبت اختتام ہوا ہے۔ شرح سود میں کمی کی توقعات کے ساتھ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا مثبت آغاز ہوا جو کاروبار کے اختتام تک برقرار رہا۔100 انڈیکس آج 1867پوائنٹس اضافے سے 1لاکھ16 ہزار 169 پر بند ہوا ہے۔
100 انڈیکس نے کاروباری دن کی آج نئی بلند ترین سطح 1 لاکھ16 ہزار 681 بنائی۔ بازار میں آج 1.47 کروڑ شیئرز کے سودے 66.62 ارب روپے میں طے ہوئے۔مارکیٹ کیپٹلائزیشن 224 ارب روپے بڑھ کر 14ہزار 811 ارب روپےکی ریکارڈ بلند سطح پر ہے۔
ادھر ملک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق پیر کو انٹربینک اور اوپن مارکیٹ تبادلہ بازاروں میں ڈالر کا بھاؤ 5،5 پیسے بڑھا ہے۔ انٹربینک تبادلہ میں کاروبار اختتام پر ڈالرکا بھاؤ 278 روپے 17 پیسے ہے۔ گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر 278 روپے 12 پیسے پر بند ہوا تھا۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 5 پیسے اضافے سے279 روپے 14 پیسے کا ہے۔