صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کو 10ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ 16 دسمبر 2014 کو دہشت گردوں نے ہمارے بچوں اور قوم کے مستقبل پر حملہ کیا، دہشت گردوں نے معصوم بچوں سمیت شہریوں کو سفاکیت سے قتل کیا۔آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے اساتذہ اور بچوں کو نشانہ بنا کر عوام دشمنی کا ثبوت دیا، معصوم بچوں پر حملہ گھناؤنا اور انسانیت سوز جرم ہے، دہشت گردوں کا ایجنڈا ملک میں فساد اور انتشار پھیلانا ہے، پاکستانی قوم دہشت گردوں کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سانحہ اے پی ایس کی برسی پر پیغام میں کہا کہ ہم بھولیں گے نہ معاف کریں گے، دل آج بھی خون کے آنسو رورہا ہے، پوری قوم ان بزدلوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھ سمیت پوری قوم بچوں و اساتذہ کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہے، آیئے ہم ایک پرامن اور محفوظ پاکستان کی تعمیر کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بدترین دشمن نے 16 دسمبر کو معصوم بچوں اور بے گناہ اساتذہ کو ناحق شہید کیا، یہ دن ہمارے عزم کا نشان بن چکا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف لڑتے رہیں گے، بچوں اور اساتذہ نے اپنے قیمتی لہو سے پرامن پاکستان کی بنیاد رکھی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ درندہ صفت دہشتگردوں نے ننھے پھولوں کو بے دردی سے مسل کر سفاکیت کا بزدلانہ فعل کیا، شہداء اے پی ایس آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہیں جبکہ بزدل دشمن کے لئے پاک دھرتی تنگ کر دی گئی ہے، شہدائے اے پی ایس نے قوم کو دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے ایک کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کی قربانیاں پاکستان کے ہر فرد کے دل میں ہمیشہ زندہ رہیں گی، شہید بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو ہیں اور ان کے خاندانوں کو سلام اور مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، قوم آج شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے۔