پاکستان ویٹ لفٹنگ ٹیم کی فار ایسٹ چیمپئن شپ سے واپسی، لاہور ائیرپورٹ پر پرتپاک استقبال

پاکستان ویٹ لفٹنگ ٹیم کی فار ایسٹ چیمپئن شپ سے واپسی، لاہور ائیرپورٹ پر پرتپاک استقبال

پاکستان ویٹ لفٹنگ ٹیم آج الصبح روس سے لاہور ائیرپورٹ پر پہنچی، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر معروف ویٹ لفٹر اور پی ٹی سی کے صدر ڈاکٹر حافظ ظفر اقبال نے ٹیم کا خیرمقدم کیا اور کھلاڑیوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کرتے ہوئے ان کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ایئرپورٹ پر ٹیم کا استقبال کرنے والوں میں دستگیر بٹ، نوح دستگیر بٹ، سجاد آمین ملک، آفتاب بٹ اور دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔

پاکستان کی پانچ رکنی ویٹ لفٹنگ ٹیم نے حال ہی میں روس کے شہر سیخا لین میں ہونے والی فار ایسٹ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جہاں ٹیم نے ایک سلور میڈل اور دو برونز میڈلز حاصل کیے۔ اس کامیابی نے نہ صرف پاکستان کی ویٹ لفٹنگ کی پہچان بڑھائی، بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا، جس سے ویٹ لفٹنگ کا مستقبل روشن نظر آ رہا ہے۔

ویٹ لفٹنگ میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل نوجوان کھلاڑی احمد علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، "یہ کامیابی صرف میری نہیں، بلکہ پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے۔ ہم نے سخت محنت کی اور ان میڈلز کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کیا۔”

اسی طرح، ایک اور کھلاڑی زین علی کا کہنا تھا، "ہم نے اس چیمپئن شپ میں جیتنے کے لیے اپنی پوری توانائی لگائی اور اللہ کا شکر ہے کہ ہمیں کامیابی ملی۔ مستقبل میں ہم مزید میڈلز جیتنے کا عزم رکھتے ہیں۔”پاکستان ویٹ لفٹنگ ٹیم کے کوچ محمد زبیر یوسف بٹ انٹرنیشنل ریفری ہیں اور ان کی رہنمائی میں ٹیم نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے کہا، "یہ ہماری ٹیم کے لئے بہت بڑی کامیابی ہے اور ہمیں اپنے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔ ان کی محنت نے ہمارے ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔”

-- مزید آگے پہنچایے --