پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج بچوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج بچوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج بچوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔اقوامِ متحدہ نے پہلی مرتبہ 20 نومبر 1954 کو انٹرنیشنل چلڈرن ڈے منانے کا اعلان کیا تھا تاکہ بچوں کی تعلیم و تربیت، معاشرتی و مذہبی تربیت سے متعلق شعور اُجاگر کیا جا سکے اور دنیا بھر کے بچے مستقبل میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔اس دن کو منانے کا مقصد بچوں کی عزّت افزائی، حوصلہ افزائی اور حقوق کی پاسداری کو یقینی بنانا ہے، دنیا بھر میں بچوں کو تشدد کی مختلف اقسام کا سامنا ہے جس سے بچوں کی نشوونما پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔یوم اطفال منانے کا مقصد عالمی سطح پر بچوں کے حقوق کو فروغ دینا اور ان کی تعلیم، صحت اور ایک بہتر زندگی کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے، اس دن کی ایک اور اہمیت 20 نومبر 1989 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بچوں کے حقوق کا عالمی کنونشن منظور کیا جانا ہے۔

اس کنونشن نے بچوں کے حقوق کو بین الاقوامی سطح پر قانونی حیثیت فراہم کی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ دنیا کے تمام بچے محفوظ، خوشحال اور تعلیم یافتہ مستقبل کی طرف بڑھ سکیں۔بین الاقوامی یوم اطفال کا مقصد دنیا بھر میں بچوں کے حقوق کی حفاظت اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے، اس دن کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ ہر بچہ چاہے وہ کہیں بھی پیدا ہو اسے برابر کے حقوق حاصل ہونے چاہئیں۔ان حقوق میں تعلیم، صحت، حفاظت اور ایک بہتر ماحول شامل ہیں، یہ دن اس بات کی بھی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے کہ بچوں کو سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں میں برابر کا حصہ ملنا چاہیے تاکہ وہ ایک بہتر مستقبل کی طرف گامزن ہو سکیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --