آسڑیلیا نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شکست دیکر سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کرلی

آسڑیلیا نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شکست دیکر سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کرلی

آسٹریلیا نے دوسرے ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان ٹیم کو 13 رنز سے شکست دے دی، قومی ٹیم 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 134 رنز پر پویلین لوٹ گئی، کینگروز نے 3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔سڈنی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔

قومی ٹیم کی جانب سے اس بار محمد رضوان کے ساتھ بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا لیکن یہ تجربہ بھی ناکام ثابت ہوا، بابراعظم دوسرے ہی اوور میں صرف 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ڈومیسٹک کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیے گئے صاحبزادہ فرحان مسلسل دوسرے میچ میں بھی ناکام رہے، وہ صرف 5 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔

کپتان محمد رضوان نے 26 گیندیں کھیل کر صرف 16 رنز بنائے، نائب کپتان سلمان علی آغا نے کھاتہ کھولنے کی بھی زحمت نہ کی اور پہلے ہی گیند پر واپس پویلین پہنچ گئے۔عباس آفریدی نے صرف 4 رنز بنائے جبکہ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور سفیان مستقیم بغیر کھاتا کھولے پویلین لوٹ گئے۔آسٹریلیا کی جانب سے سپینسر جانسن نے 5، ایڈم زمپا نے 2 اور زیویئر بارٹلیٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کے کپتان جوش انگلس نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جیک فریزر میک گرک، میتھیو شارٹ نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا اور پہلے ہی اوور میں شاہین آفریدی سے 21 رنز بٹورے، 3 اوورز میں دونوں نے بغیر کسی نقصان کے 48 رنز بنائے۔

حارث رؤف نے چوتھے اوور میں پہلے جیک فریزر میک گرک کو 20 رنز اور پھر کپتان جوش انگلس کو صفر پر پویلین بھیج کر پاکستان کی مشکلات کم کیں۔پانچویں اوور میں عباس آفریدی نے میتھیو شارٹ کو بھی آؤٹ کردیا، وہ 32 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، گلین میکسوئل 21 اور مارکس اسٹوئنس 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ ٹم ڈیوڈ 18 رنز ہی بناسکے۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4، عباس آفریدی 3 اور صفیان مقیم نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔آسٹریلیا نے پچھلے میچ کی فاتح سائیڈ کو برقرار رکھا ہے جب کہ پاکستان نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، حسیب اللہ کی جگہ صفیان مقیم کو پلینگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --