اسلامی نظریاتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر راغب نعیمی نے کہا ہے کہ غیر اخلاقی اور غیر قانونی مواد تک رسائی کے لیے وی پی این کا استعمال شرعی لحاظ سے ناجائز ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو برائی اور برائی تک پہنچانے والے تمام اقدامات کے انسداد کا اختیار ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ توہین آمیز اور ملکی سالمیت کے خلاف مواد پر فوری پابندی عائد کی جائے۔
سربراہ اسلامی نظریاتی کونسل نے مزید کہا کہ وی پی این کے ذریعے بلاک شدہ یا غیر قانونی ویب سائٹس تک رسائی اسلامی اور قانونی اصولوں کی خلاف ورزی ہے، انٹرنیٹ اور سافٹ ویئرز کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے مؤثر حکومتی اقدامات ضروری ہیں۔انہوں نے کہاکہ معاشرتی اقدار اور قانون کی پاسداری کے لیے وی پی این پر پابندی ضروری ہے، وی پی این کے غلط استعمال سے آن لائن چوری اور انارکی پھیلانے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں پر اپنے ملک کے قوانین کی پاسداری لازم ہے، بشرطیکہ وہ اسلامی اصولوں سے متصادم نہ ہوں، انہوں نے کہاکہ غیر قانونی مواد تک رسائی کے لیے وی پی این کا استعمال اعانت علی المعصیہ کے زمرے میں آتا ہے۔