وزیر اعلیٰ پنجاب کا ٹماٹر اور پیاز کی کاشت میں اضافے کیلئے 3 ارب روپے کا میکانائزڈ فارمنگ پراجیکٹ لانے کا اعلان

وزیر اعلیٰ پنجاب کا ٹماٹر اور پیاز کی کاشت میں اضافے کیلئے 3 ارب روپے کا میکانائزڈ فارمنگ پراجیکٹ لانے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹماٹر اور پیاز کی کاشت میں اضافے کیلئے 3 ارب روپے کا میکانائزڈ فارمنگ پراجیکٹ لانے کا اعلان کر دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ٹماٹر اور پیاز کی پیداوار بڑھانے کے لئے اقدامات جاری ہیں، خصوصی پروگرام میکانائزڈ فارمنگ کے ذریعے پنجاب میں 3 ارب روپے کا منفرد اور تاریخ کا پہلا پراجیکٹ لانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ پروگرام کے تحت سبزیوں کی میکانائز فارمنگ کے لئے پلانٹر، پرونرز اور دیگر زرعی آلات پر 70 فیصد سبسڈی دی جائے گی، پیاز اور ٹماٹر کی ویلیو ایڈیشن کے لئے پلپنگ یونٹ، ڈرائر اور گریڈرز کے لئے بھی 70 فیصد سبسڈی ملے گی، لودھراں، ملتان اور وہاڑی کے اضلاع پیاز کی کاشت کے لئے منتخب کئے گئے ہیں جبکہ خوشاب، شیخوپورہ اور مظفر گڑھ کو ٹماٹر کی کاشت کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ میکانائزڈ فارمنگ کیلئے 6 اضلاع میں 25 ایکڑ تک اراضی کے مالک کے فارمر انٹرپرائز گروپس بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

فارمر گروپس کے لئے فارمرز فیلڈ سکول میں جدید زراعت اور سمارٹ طریقہ کاشت کے بارے میں ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا، پنجاب ایگریکلچر ٹرانس فارمیشن پراجیکٹ کی لانچنگ پر 3 ارب روپے لاگت آئے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کی فارمر گروپس کو انٹرنیشنل مارکیٹ سے بھی منسلک کیا جائے گا، پنجاب کے کاشتکاروں کو خوشحال اور خوش دیکھنا میرا عزم ہے، پہلی مرتبہ پنجاب میں سبزیوں کی کاشت کے لئے باقاعدہ پراجیکٹ شروع کئے جا رہے ہیں، ٹماٹر اور پیاز عام آدمی کے استعمال کی چیز ہے، مہنگا بیچنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گروپ اور میکانائزڈ فارمنگ سے نہ صرف پیداوار بڑھے گی بلکہ لاگت بھی کم ہو گی، عام آدمی کی آسانی اور خوشی کے لئے ہر اقدام کریں گے، پنجاب میں اشیائے خورونوش سب سے سستی میسر ہیں، دن رات مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے، ایگریکلچر ٹرانس فارمیشن پراجیکٹ کے لئے ہیلپ لائن 17000-0800 قائم کی گئی ہے، خواہش مند کاشتکار ایگریکلچر فیس بک، ویب سائٹ یا ایگریکلچر اصلاح آبپاشی دفاتر سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --