مصر کے ایک کاروباری رہنما نے کہا ہے کہ 7 ویں چین بین الاقوامی درآمدی نمائش (سی آئی آئی ای) "ایک منفرد خیال” ہے جو کمپنیوں کو چین اور دیگر شریک ممالک دونوں کی منڈیوں تک رسائی فراہم کرتی ہے۔مصر کے تاجروں کی تنظیم کے سربراہ محمد یوسف نے کہا کہ یہ ایک منفرد قدم ہے اور گزشتہ 6 سالوں میں اس نے ٹھوس نتائج حاصل کرنا شروع کردئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت چین عالمی معاشی طاقتوں کو متوازن کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
محمد یوسف نے کہا کہ مصر اور چین کے بڑھتے ہوئے تعلقات سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سی آئی آئی ای کی اہم کامیابیوں میں سے ایک عالمی کاروباری برادری کو چینی منڈی میں مواقع سے متعارف کرانے میں اس کا کردار ہے۔مصری کاروباری رہنما نے زور دے کر کہا کہ 7 ویں سی آئی آئی ای میں ترقی پذیر اور ترقی یافتہ دونوں ممالک کی شرکت ان کے شعور کی نشاندہی کرتی ہے کہ سی آئی آئی ای نہ صرف چینی منڈی بلکہ اس نمائش میں شرکت کرنے والے بہت سے ممالک کی مارکیٹوں کے لئے بھی ایک بہت اہم مقام ہے۔