وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔وہ ترکی کے سفیر عرفان نیزیروگلو سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور کشمیر پر پاکستان کی مسلسل حمایت پر ترکئی کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے بنیادی مفادات پر ترکی کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔شہباز شریف نے نومنتخب سفیر کو خوش آمدید کہا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی امید ظاہر کی۔
انہوں نے صدر رجب طیب اردوان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ترک صدر کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔سفیر عرفان نیزیروگلو نے وزیراعظم کو دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے مکمل عزم کا یقین دلایا۔ملاقات میں علاقائی صورتحال بالخصوص غزہ اور مشرق وسطیٰ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔