پاکستان کی سب سے انفرادی ادبی تقریبات میں سے ایک، دسویں اسلام آباد لٹریچر فیسٹیول (آئی ایل ایف) کا انعقاد 8 سے 10 نومبر 2024 تک گندھارا سٹیزن کلب، فاطمہ جناح (ایف-9) پارک میں ہوگا۔ آکسفورڈ یونیورسٹی پریس (او یو پی) پاکستان اور گیٹز فارما کے اشتراک سے منعقدہ، اس سال کا آئی ایل ایف اپنے دس سال مکمل ہونے کی خوشی میں “پائیداری: الفاظ سے سوچ کی تبدیلی” کےعنوان سے منایا جا رہا ہے۔
ادب، فنون اور فکری تبادلے کا یہ سالانہ فیسٹیول ادب کے شوقین، مصنفین، محققین اور عوام کے لئے مختلف خیالات، نظریات اور آراء کا ایک متحرک امتزاج پیش کرے گا، جو کہ ادب سے دلچسپی رکھنے والے افراد کیلئے ایک دلچسپ تجربہ ہو گا۔ آئی ایل ایف 2024 میں 55 نشستوں اور 15 کتابوں کے اجراء کے ساتھ ساتھ مختلف مباحثے، ورکشاپس اور ثقافتی سرگرمیاں شامل ہیں۔
آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر ارشد سعید حسین نے پائیداری اور الفاظ کی طاقت کے حوالے سے بات کرتےہوئے فیسٹیول کے اس کردار کو اجاگر کیا جس کے تحت تبدیلی کو تحریک ملتی ہے، پرانے خیالات کو چیلنج کیا جاتا ہے اور کہانی سنانے کے فن کو منایا جاتاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “ادب میں خیالات کو تبدیل کرنے، عمل کو تحریک دینے اور معاشرتی تبدیلی لانے کی منفرد طاقت ہے۔ جب ہم اسلام آباد لٹریچر فیسٹیول کی دسویں ایڈیشن کا انعقاد کر رہے ہیں تو ہم نہ صرف ایک دہائی کی گفتگو کے فروغ کا جائزہ لے رہے ہیں بلکہ ایک ایسے مستقبل کی طرف دیکھ رہے ہیں جہاں الفاظ اپنی طلسماتی طاقت سے ہمیں ایک زیادہ پائیدار اور جامع دنیا کی طرف لےجاسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آئی ایل ایف ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے جو معنی خیز گفتگو کو فروغ دیتا ہے، روایتی سوچ کو چیلنج کرتا ہے اور نئے خیالات کو پروان چڑھاتا ہے، جس سے لوگوں کو ایک بہتر پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کی طاقت ملتی ہے۔”
اس سال کے آئی ایل ایف میں معروف مصنفین، شعراء اور دنیا بھر سے مختلف دانشور شرکت کریں گے، جو ادب، تاریخ، حالات حآضرہ اور سماجی و سیاسی موضوعات پر پینل مباحثوں میں حصہ لیں گے۔ افتتاحی خطاب برطانیہ کی ہائی کمشنر برائے پاکستان، جین میریٹ کریں گی، جبکہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزارت وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے سیکریٹری وزیر محی الدین احمد وانی ، پنجاب کے صوبائی وزیر برائے اسکول ایجوکیشن رانا سکندر حیات، معروف شاعر، محقق اور ادیب افتخار عارف ،نجیبا عارف ،زہرا نگاہ، اور ملیحہ لودھی افتتاحی شیشن میں خصوصی شرکت اور خطاب کریں گے
قومی اور بین الاقوامی مقررین کی شاندار فہرست کے ساتھ، آئی ایل ایف کا دسواں ایڈیشن ثقافتی مکالمے، ادبی مباحثے اور متنوع خیالات کے تبادلے کے اپنے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہے۔اسلام آباد لیٹریچر فیسٹیول 2024 کے نمایاں شرکاء میں حامد میر، نسیم زہرہ، فیصل باری، کشور ناہید، انور مسعود، عالمگیر ہاشمی، بیلا رضا جمیل، اینڈریو کومب، منیزہ شمسی اور دیگر شامل ہیں۔
فیسٹیول میں کتاب میلےکابھی انعقادکیاجائےگا جس میں مختلف اصناف کی کتب کا متنوع انتخاب پیش کیا جائے گا، جس سے شرکاء اپنے پسندیدہ مصنفین کی کتابیں دیکھ اور خرید سکیں گے۔ ثقافتی پرفارمنس، جیسے موسیقی، رقص اور دیگر فنون بھی فیسٹیول کا حصہ ہوں گے جو پاکستان کی متحرک آرٹ کی دنیا کا منظرنامے پیش کریں گے اور شرکاء کو پاکستانی ثقافت کی خوبصورتی سے روشناس کرائیں گے۔
اس سال کا اسلام آباد لٹریچر فیسٹیول پاکستان میں ادب اور فکری تبادلے کے فروغ کے ایک عشرے کے جشن پر مشتمل ایک تاریخی تقریب ثابت ہوگا۔