ملک بھر میں بسنے والی ہندو برادری آج دیوالی کا تہوار مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔اس موقع پر مندروں میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔اس دن کو منانے کے لیے ہندو برادری نے بھگوان رام کی واپسی کی یاد میں اپنی مذہبی رسم کے لیے مٹی کے چراغ جلاتے ہیں۔
یہ تہوار شری رام چندر جی کی قربانیوں کو یاد کرنے کے لیے منایا جاتا ہے جنہوں نے تقریبا چودہ سال جنگلوں میں گزارے اور ہندو مذہب کی تبلیغ کی۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دیوالی کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں ہندو برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔
اپنے پیغام میں، انہوں نے کہا کہ دیوالی، روشنیوں کا تہوار، اندھیرے پر روشنی کی فتح اور مایوسی پر امید کی علامت ہے۔
انہوں نے پاکستان میں ہندو برادری کی گرانقدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا، جن کا ملک کے سماجی، اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں کردار قوم کو مضبوط بنا رہا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق ملک کی ترقی کے لیے ہندو اور دیگر اقلیتی برادریوں کے افراد کا مسلمانوں کے شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے دیکھنا انتہائی خوشی کی بات ہے۔