خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملے کے نتیجے میں 2 اہلکار جاں بحق ہو گئے جبکہ جوابی فائرنگ سے 3 دہشت گرد مارے گئے۔ پولیس نے بتایا کہ صبح کے وقت پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر دہشتگردوں نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوا تھا۔
پولس کا کہنا تھا کہ بعد ازاں، زخمی ہونے والے پولیس اہلکار نے بھی دم توڑ دیا، جس کے بعد جاں بحق اہلکاروں کی تعداد 2 ہو گئی۔ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) نذیر خان نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں نے دلیری سے مقابلہ کیا اور پولیس کی فائرنگ سے 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اورکزئی میں انسدادِ پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسدادِ پولیو ٹیم پر حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس ہے۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے بہادری سے لڑتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
صدر مملکت آصف زرداری نے شہید پولیس اہلکاروں کی بہادری، جذبہ حب الوطنی کو سراہا اور ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔دریں اثنا، وزیرداخلہ محسن نقوی نے اورکزئی کے علاقے میں پولیو ٹیم پر دہشت گردوں کےحملےکی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
محسن نقوی نے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین بھی پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نےجرات سے مقابلہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔