لاہور فضائی آلودگی کی شدید لپیٹ میں ہے اور آج پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا، بھارتی شہر امرتسر سے چلنے والی اسموگ کی وجہ سے لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) میں غیرمعمولی اضافہ ہوا۔محکمہ تحفظ ماحول کے مطابق غیر معمولی اے کیو آئی کا سبب امرتسر بھارت سے چلنے والی سموگ زدہ ہوا ہے، 7 کلومیٹر کی رفتار سے چلنے والی یہ آلودہ ہوا دہلی سے لے کر چندی گڑھ اور پھر امرتسر سے لاہور میں داخل ہوئی۔
یاد رہے کہ اے کیو آئی فضا میں موجود آلودہ ذرات کے مقدار کی پیمائش کرتا ہے، جن میں باریک ذرات (پی ایم 2.5)، موٹے ذرات (پی ایم 10)، نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ (این او 2) اور اوزون (او 3) شامل ہیں، 100 سے زیادہ اے کیو آئی کو ’مضر صحت‘ جب کہ 150 سے زیادہ کو ’بہت زیادہ مضر صحت‘ سمجھا جاتا ہے۔سیکرٹری محکمہ تحفظ ماحول کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ لاہور کا اے کیو آئی حساس اورکمزور افراد کے لیے مضرصحت ہے۔