آج یوم کشمیر کے موقع پر اپنے پیغامات میں صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول تک کھڑا رہے گا۔ .صدر نے اپنے پیعام میں عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ اس کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکے، کشمیریوں کے مصائب کو کم کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرے۔
انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے جاری مظالم کی شدید مذمت کی اور کشمیری عوام کے منصفانہ نصب العین کے حصول کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کیا۔اپنے الگ پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے گزشتہ 77 برسوں کے دوران بے شمار مشکلات کا سامنا کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت 5 اگست 2019 سے مقبوضہ کشمیر پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کے لیے یکے بعد دیگرے اقدامات کر رہا ہے۔ بھارت کے مذموم عزائم کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو نقصان پہنچانا اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے ان کے جمہوری حق سے محروم کرنا ہے۔