خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تعاون سے پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں تاریخی اضافہ ہوا ہے۔پاکستان بیورو آف شماریات کے مطابق ایس آئی ایف سی اور حکومتی اقتصادی پالیسیوں کی سہولت کے باعث ٹیکسٹائل کی برآمدات 26 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
رواں سال اگست میں ٹیکسٹائل کی برآمدات 13 فیصد اضافے کے ساتھ 1.64 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال اگست میں 1.46 بلین ڈالر تھیں۔پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ بنگلہ دیش میں سیاسی عدم استحکام اور بین الاقوامی پابندیوں کی وجہ سے چینی مصنوعات کی مانگ میں کمی کا نتیجہ ہے۔
ان حالات میں اس سال اگست میں نٹ ویئر اور بیڈ ویئر کی برآمدات میں پندرہ فیصد اور پاکستان کے ریڈی میڈ ملبوسات کی برآمدات میں سال بہ سال اٹھائیس فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔موجودہ عالمی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کے پاس ایک سنہری موقع ہے کہ وہ بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنے قدم جمانے اور اپنی مصنوعات کے معیار کو بہتر بنا کر اپنی برآمدات میں مزید اضافہ کرے۔برآمدات میں اضافہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے تعاون کے علاوہ پاکستان کی صنعتی ترقی میں حکومتی اقدامات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔