قیدیوں کو لے جانے والی پولیس کی 3 گاڑیوں پر حملہ

قیدیوں کو لے جانے والی پولیس کی 3 گاڑیوں پر حملہ

اسلام آباد میں دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو مبینہ طور پر چھڑانے کے لیے نامعلوم ملزمان نے قیدیوں کو لے جانے والی پولیس کی 3 گاڑیوں پر حملہ کردیا جسے ناکام بنا دیا گیا جب کہ حملے کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق ذرائع نے کہا کہ نامعلوم افراد نے سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب قیدیوں کو لے جانے والی گاڑیوں پر حملہ کیا اور فائرنگ کی۔

رپورٹ کے مطابق جن قیدی وین پر حملہ کیا گیا، ان میں دہشتگردی کے مقدمات میں ملوث پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ملزمان موجود تھے، مبینہ طور پر جنہیں چھڑوانے کے لیے نامعلوم افراد نے حملہ کیا جسے ناکام بنادیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے پولیس قیدی وینوں پر فائرنگ کی، ٹائر برسٹ کیے اور شیشے بھی توڑے، اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، حملہ آوروں کی تعداد 25 سے 30 تھی جنھوں نے فائرنگ بھی کی۔پولیس ذرائع کے مطابق وینوں میں اٹک جیل سے پیشی کے لیے لائے جانے والے ملزمان سوار تھے، قیدی وینوں میں 150 سے زائد ملزمان موجود تھے جنہیں محفوظ طریقے سے جائے وقوع سے اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کردیا اور اس سلسلے میں واقعے سے متعلق عینی شاہدین سے بھی پوچھ گچھ شروع کردی، تاحال فرار ہونے والے حملہ آور میں سے کوئی بھی پولیس کے ہاتھ نہ آسکا۔

بعد ازاں ترجمان اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاکہ پولیس 82 قیدیوں کو عدالت پیشی کے بعد اٹک جیل منتقل کررہی تھی کہ 4 ڈالوں میں سوار ملزمان نے سنگجانی ٹال پلازہ کے نزدیک قیدی وینوں پر حملہ کردیا، ملزمان اسلحہ، ڈنڈوں، اور پتھروں سے لیس تھے۔اس میں کہا گیاکہ حملے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جب کہ 3 حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

اسلام آباد پولیس نے مزید کہا کہ پولیس کے سینئر افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں، تمام تر صورت حال کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے، حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز بھی شروع کردیے ہیں اور حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --