برطانیہ میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں شاندار کار کردگی دکھانے والے قومی ہیروز کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔سلور میڈلسٹس زمان انور، محمد شریف طاہر اور برانز میڈلسٹ اسد علی پاکستان پہنچ گئے، ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ کرنل ریٹائرڈ محمد آصف زمان نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر کھلاڑیوں کا استقبال کیا اور کامن ویلتھ میڈلسٹ کو پھولوں کے ہار پہنائے اور گلدستے پیش کیے۔
اس موقع پر ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ کا کہنا تھا کہ اپنے قومی ہیروز کو خوش آمدید کہتے ہیں، ارشد ندیم، نوح دستگیر بٹ اور دیگر میڈلسٹس کا بھی وطن واپسی پر خود آکر استقبال کروں گا۔محمد آصف زمان کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب رکھیں گے اور انہیں انعامات سے نوازیں گے۔انہوں نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والوں کو 50 لاکھ، سلور میڈل والوں کو 20 اور برانز میڈل حاصل کرنے والوں کو 10 لاکھ انعام دے رہے ہیں۔