چیف جسٹس آف پاکستان کے تقرر کے لیے قائم خصوصی پارلیمانی کمیٹی کی اکثریت نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو اگلا چیف جسٹس آف پاکستان نامزد کردیا۔ رپورٹ کے مطابق خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس یحییٰ آفریدی کا نام بطور چیف جسٹس آف پاکستان وزیراعظم شہباز شریف کو ارسال کر دیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کا انتخاب کیا گیا ہے، اس سے قبل الجہاد ٹرسٹ کیس کے فیصلے کی روشنی میں سپریم کورٹ کا سب سے سینیئر جج ہی ملک کا چیف جسٹس ہوتا تھا۔
خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، خواجہ آصف اور رعنا انصار شریک تھے۔ان کے علاوہ راجا پرویز اشرف، سید نوید قمر، فاروق ایچ نائیک، سینیٹرکامران مرتضیٰ اور شائستہ پرویز ملک بھی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شریک تھے۔پارلیمانی کمیٹی کے مجموعی طور پر 12 میں سے 9 ارکان اجلاس میں شریک رہے جب کہ پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کے کسی رکن نے کمیٹی اجلاس میں شرکت نہیں کی۔