اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس کی سماعت کی۔اس موقع پر پی ٹی آئی وکلاء سردار مصروف و دیگر عدالت پیش ہوئے، دوران سماعت فیصل جاوید کی حاضری سے معافی کی درخواست دائر کی گئی۔
فیصل جاوید کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 21 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔علی امین گنڈا پور کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔واضح رہے کہ 21 ستمبر کو انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے دہشت گردی کی دفعات کے تحت تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے میں علی امین گنڈاپور و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے تھے۔