امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ٹیکساس کے درمیان آئی ٹی، زراعت، ٹیکسٹائل اور کھیل سمیت مختلف شعبوں میں مضبوط شراکت داری قائم کرنے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔سفیر پاکستان نے یہ باتیں ٹیکساس کے تین روزہ دورے کے دوران ڈیلاس اور ہیوسٹن میں ٹیکساس کی قیادت، تاجر برادری اور پاکستانی تارکین وطن سے ملاقاتوں کے دوران کہیں۔دورے کا مقصد ٹیکساس کی قیادت کے ساتھ مضبوط روابط قائم کرنا تھا تاکہ مختلف شعبوں میں پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے امکانات تلاش کیے جا سکیں اور اس کے ساتھ ساتھ ٹیکساس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ملاقات کرنا تھا۔ اپنے دورے کے پہلے دن، سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ سے ملاقات کی جس میں آئی ٹی، زراعت، ٹیکسٹائل اور کھیل جیسے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ ہیوسٹن میں، سفیر رضوان سعید شیخ نے انٹرنیشنل اکیڈمی آف لیٹرز کے زیر اہتمام پہلے دو روزہ پاکستان لٹریچر فیسٹیول کا افتتاح کیا۔ قبل ازیں پاکستان کے سفیر نے جماعت خانہ میں اسماعیلی برادری کی قیادت سے ملاقات کی اور عزت مآب آغا خان کی رہنمائی میں ان کی خدمات کو سراہا۔انہوں نے کانگریس مین ال گرین اور سفارتی برادری کے اراکین کے ہمراہ پاکستان کے لیے طبی آلات کے دو کنٹینرز کی روانگی کی تقریب میں شرکت کی۔
انہوں نے ہیوسٹن-کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن، میڈیکل برجز، الائنس فار ڈیزاسٹر ریلیف، اور ہیلپنگ ہینڈ کی فلاحی اور امدادی کوششوں کو سراہا۔سفیر پاکستان نے ابن سینا فاؤنڈیشن کے زیر انتظام کلینکس کا بھی دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہیں گریٹر ہیوسٹن میں فاؤنڈیشن کی خدمات کے بارے میں بتایا گیا۔
ڈیلاس میں سفیر پاکستان نے کانگریس مین لانس کارٹر گوڈن کے ساتھ ظہرانے پر ملاقات کی جہاں انہوں نے پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات، سیکورٹی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔سفیر رضوان شیخ نے پاکستان چیمبر آف کامرس یو ایس اے سے بھی ملاقات کی۔
پاکستانی تارکین وطن کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران سفیر پاکستان نے پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور امریکہ میں پاکستان کا مثبت امیج پیش کرنے کے حوالے سے کمیونٹی کی خدمات کو سراہا۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ ہماری کمیونٹی پاک امریکہ تعلقات کی سب سے پائیدار کڑی ہے۔ ہمارے لوگوں نے نہ صرف اپنے متعلقہ شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے بلکہ یہاں امریکہ میں ملک کا ایک مثبت امیج بھی پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط پاک امریکہ تعلقات سے نہ صرف ہمارے دونوں ممالک بلکہ ہماری کمیونٹی کی آنے والے نسلوں کو بھی فائدہ ہوگا۔