پاکستان اور ایران نے خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاقِ رائے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں کوپ 31 کے عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ملاقات میں ہوا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا اور باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خطے میں طویل عرصے سے جاری تنازع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دیرپا امن اور استحکام کے حصول کے لیے مذاکرات، تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی روابط برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے جون 2026 میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والے امور کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی جانب سے مخلصانہ اور تعمیری کردار جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ایران کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی حمایت اور خطے میں امن و سلامتی کے لیے اس کی کوششوں کو سراہا۔
دونوں ممالک نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور ابھرتے ہوئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے باقاعدگی سے مشاورت اور قریبی رابطوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

