وزیراعظم شہباز شریف کی کوپ 31 کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں

6

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں کوپ 31 میں پاکستان کی نمائندگی کی اور عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم کی بنگلہ دیش کے وزیرِ اعظم طارق رحمٰن، مملکت سعودی عرب کے وزیر برائے توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان آل سعود اور اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد سے ملاقاتیں ہوئیں۔

وزیراعظم نے فلسطین کے وزیرِ اعظم محمد مصطفیٰ سے بھی ملاقات کی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے ساتھ حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

فلسطینی وزیراعظم نے عالمی سطح پر فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف مؤثر انداز میں آواز اٹھانے اور فلسطینی موقف کی تائید پر حکومت اور پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم کی خاتونِ اول ترکیہ امینہ اردوان، شام کے صدر احمد الشرع، سعودی عرب کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ عادل بن احمد الجبیر اور ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔

ان خوشگوار ملاقاتوں میں وزیرِ اعظم اور عالمی رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے اور خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

عالمی رہنماؤں نے موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی مشکلات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی اہمیت پر بھی گفتگو کی۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں