پاکستان اور روس کا دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور

پاکستان اور روس کا دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور

صدر مملکت آصف علی زرداری نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ملاقات کی جس میں دونوں شخصیات نے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ رپورٹ کے مطابق صدر مملکت کی اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ غیر رسمی ملاقات ترکمانستان کے دورے کے دوران بین الاقوامی فورم کے موقع پر ہوئی۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں صدور نے پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

بیان کے مطابق دونوں صدور نے ایک دوسرے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ کیا۔قبل ازیں دورہ ترکمانستان میں اشک آباد میں منعقد بین الاقوامی فورم ’وقت اور تہذیبوں کا باہمی تعلق: امن و ترقی کی بنیاد‘ سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات ہیں، پاک-ترکمانستان تعلقات باہمی احترام، مشترکہ عقیدے، ایک بہتر اور پُرامن مستقبل کے مشترکہ وژن پر مبنی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ثقافتوں کےدرمیان افہام و تفہیم، امن و مکالمےکے فروغ کے لیے فورم کےانعقاد پر ترکمانستان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق یہ عالمی فورم ترکمانستان کے عظیم مفکر، شاعر اور فلسفی مقطیمقلی فراگی کے300ویں یوم پیدائش کے موقع پر ہو رہا ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --